جنگل پیر علیزئی، گاڑی پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک،1زخمی، مقتولین کے ورثاء اور مبینہ قاتل کے رشتہ داروں کے دھرنے

20 اپریل ، 2024

قلعہ عبداللہ (نامہ نگار) کوئٹہ چمن شاہراہ جنگل پیرعلیزئی میں گاڑی پر فائرنگ سے 3افراد ہلاک ایک زخمی ہو گیا ۔اطلاع کے مطابق گزشتہ رات جنگل پیرعلیزئی بازار میں رات کی تاریکی میں فیلڈر گاڑی میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خالد ولد اختر محمد نورزئی،وارث ولد بارک پوپلزئی نوراحمد ولد اختر محمد سلیمانخیل ہلاک فضل محمد ولد میراحمد کاکوزئی زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر مقتولین کے ورثا نےموقع پہ پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچادیا ۔دوسری جانب مقتولین کے ورثا نے لاشوں کو جنگل پیرعلیزئی کے مقام پر رکھ ملزمان کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ہڑتال کے دوران دونوں جانب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں اور آنے جانے والے مسافروں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مقتولین کے وارثوں نے قتل کا الزام جنگل پیر علیزئی کی ایک کاروباری شخصیت پر عائد کیا ہے۔ وارثوں کے درخواست پر ملا کاکوزئی اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا لیکن احتجاجی مظاہرین نے ملزمان کے گرفتاری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا صبح 8رات گئے تک ہڑتال جاری رہی ۔ ٹریفک ہر قسم آمدورفت کے لے بند رہی دوسری جانب ملا کاکوزئی کے رشتہ داروں نے ملا کاکوَزئی کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرنے کے خلاف حرمزئی کراس قلعہ عبداللہ کے مقام پر احتجاجاً کوئٹہ چمن شاہراہ بلاک کیا اور حکومت بلوچستان سے اپیل کی کہ ملا کاکوزئی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ثبوت کے بغیر درج ایف آئی ٰآر واپس لی جائے۔انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی ایف آئی آر ایک کاروباری شخصیت کے خلاف درج کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ دونوں گروپوں کے جانب سے احتجاجاً کوئٹہ چمن شاہراہ رات گئے تک بند رہی ۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے دونوں گروپوں کے ساتھ احتجاج ختم کرانے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔