صدر زرداری کا خطاب، غیر پارلیمانی الفاظ پر2 اپوزیشن ارکان کی رکنیت معطل ،ہم ان بندوں سے ڈرنے والے نہیں، بلاول بھٹو

20 اپریل ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز)قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن کے ارکان قومی اسمبلی جمشید دستی اور محمد اقبال کی رکنیت معطل کردی۔جبکہ بلاول نے صدر کی تقریر کے دوران شور شرابا کرنیوالے اپوزيشن اراکین کو جنگل کا بندر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان سے ڈرنے والے نہیں،اسپیکر نے صدر آصف زرداری کے خطاب کے دوران غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر ایک اجلاس کی لیے دونوں اراکین کی رکنیت معطل کی۔ اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدراتی خطاب کے دوران جمشید دستی اور محمد اقبال نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، ان افراد نے اسمبلی قواعد کی خلاف وزری کی۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ ان ممبران کی رکنیت اس اجلاس کے لیے معطل کی جا رہی ہے، دونوں افراد موجودہ اجلاس میں حصہ نہیں لے سکتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال خان نے کہا یہ احتجاج توکچھ بھی نہیں، ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی اور پاسداری کےلیے ہرحد تک جائیں گے، احتجاج کا سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔