تحقیق کے بغیر خبر چلا کر عزت نفس مجروح کی گئی‘ نواب زہری

20 اپریل ، 2024

کوئٹہ ( آئی این پی ) سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنااللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کابینہ سے متعلق ناراضگی اور بیرون ملک جانے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، یہ پارٹی اور حکومت بھی میری ہے جسے بھرپور مضبوط و مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرونگا۔ سوشل میڈیا کا مقصد کسی کی عزت سے کھیلنا نہیں،مجھ سے متعلق بغیر کسی تحقیق کے خبر چلاکر میری عزت نفس کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی، سوشل میڈیا کا سہارا لینے والوں کے خلاف قانونی اور قبائلی حیثیت سے نمٹیں گے۔ ایک بیا ن میں نواب ثنااللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کابینہ سے متعلق ناراضگی اور بیرون ملک جانے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں،میر سرفراز بگٹی کی وزیر اعلیٰ نامزدگی کے بعد صدر آصف زرداری نے مجھ سے رابطہ کیا میں نے اسی دن انہیں آگاہ کیا کہ پارٹی کا جو فیصلہ ہے وہ تسلیم کرتے ہیں، صدر زرداری کو آگاہ کیا کہ پارٹی کی کامیابی کیلئے ایک ورکر کی حیثیت سے کام کرونگا، بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، پارٹی میری اور حکومت بھی میری ہے، جسے بھرپور مضبوط و مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرونگا،انہوں نے کہا کہ نامزدگی کے فوراً بعد سرفراز بگٹی کوئٹہ میں میری رہائش گاہ آئے، میر سرفراز بگٹی کو مبارکباد دی اور انہیں بتایا کہ میںکسی عہدے کا خواہش مند نہیں، میں نے بذات خود سرفراز بگٹی کیلئے بطور وزیر کاغذات نامزدگی کی تائید و تجویز کے بعد جمع کرائے، صدر آصف زرداری اور وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کابینہ کی تشکیل سے متعلق مجھ سے مشاورت کی تھی، میری خواہش اور کوشش ہے کہ کابینہ میں نئے چہرے شامل ہوں تاکہ نوجوان قیادت پر مشتمل کابینہ کام کرسکے، میری اپنی تجویز پر ہی صوبائی کابینہ میں نئے چہرے شامل ہوئے ہیں۔میںنے مرکزی قیادت یا میر سرفراز بگٹی کے سامنے کسی عہدے کے حصول کیلئے خواہش کا اظہار نہیں کیا،وزیر اعلیٰ اور دیگر عہدوں پر فائز رہا ہوں میری کوشش اور خواہش ہے کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی میں نوجوان قیادت بھی آگے آ ئے۔