اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کے جن دو ارکان کو پارلیمنٹ کے دیروزہ مشترکہ اجلاس میں ہلڑبازی اور ہنگامہ آرائی کی پاداش میں قومی اسمبلی کے رواں پورے اجلاس کے لئے معطل کردیا گیا ہے ان پر پارلیمنٹ ہائوس میں داخلے کی ممانعت بھی ہوگی اور انہیں اس پورے عرصے کے لئے قومی اسمبلی کا بھاڑا بھتہ بھی نہیں ملے گا۔ مظفر گڑھ سے جمشید دستی اور خیبر کے اقبال خان کے بارے میں ٹھوس شواہد ملنے کے بعد اسپیکر سردار ایاز صادق نے قواعد و ضوابط کی رو سے قدم اٹھایا ہے یہ ارکان اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں جس میں معافی کی خواستگاری ہوگی دونوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے وہ سنی اتحاد کونسل کے آزاد رکن کی حیثیت سے ایوان میں حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھتے ہیں۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ذرائع کے مطابق موجودہ اسمبلی کے چوتھے اجلاس میں اسپیکر کو سخت اقدام حزب اختلاف کے ارکان کے مسلسل ہنگامہ آرائی کرنے اور ایوان کا ماحول تباہ کرنے کے طرز عمل کے باعث اٹھانا پڑا ہے۔قبل ازیں پندرھویں قومی اسمبلی میں کراچی سے پیپلزپارٹی کے رکن آغا سید رفیع اللہ کے خلاف مسلسل احتجاج پر اس وقت کے اسپیکر اسد قیصر نے ایوان سے معطل کرنے کی کارروائی کی تھی تاہم اسے باہمی مفاہمت سےدوسرے روز ختم کردیا گیا تھا۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ مختلف ممالک میں جہاں پارلیمانی ایوان کے ذریعے نظام حکومت چلایا جاتا ہے جن میں ویسٹ منسٹر کہلانے والی برطانیہ کی پارلیمنٹ سرفہرست ہے ایسے ارکان جو شائستگی اور قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں نہ صرف ایوان سے معطل کردیا جاتا ہے بلکہ بعض ارکان کو طویل دورانئے کی کمیونٹی سروس کرنے کی سزا بھی دےدی جاتی ہے افریقی ممالک کی اسمبلیوں میں ارکان کواجتماعی طور پر ہنگامہ آرائی کے جرم میں رکنیت سے معطلی کی سزا کا سامنا رہا ہے۔ بھارت جودنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے چار ماہ قبل پارلیمنٹ کے 45 ارکان کو ہنگامہ آرائی کی پاداش میں یکمشت ایوان سے معطل کردیا گیا تھا ان میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف بھی شامل تھے جن ارکان کو پورے اجلاس کے لئے معطل کیا گیا۔ علاوہ ازیں 33ارکان ایوان زیریں سے جبکہ 34 ایوان بالا کے ارکان معطل کئے گئے یہ ارکان حزب اختلاف کے علاوہ دوسرے گروپس سے بھی وابستہ تھے۔ ان ارکان کو معطل کرنے کی کارروائی پارلیمانی امور کے وزیر کی طرف سے پیش کردہ قرارداد منظور کئے جانے کے بعد عمل میں لائی گئی یہ کارروائی گزشتہ سال 18 دسمبر کو انجام دی گئی۔ اسی اثناء میں پارلیمانی مبصرین کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حزب اختلاف کے ہلڑبازی ، غیر اخلاقی نعروں اور منفی رویئے کے باوجود نرمی کا مظاہرہ کیا ہے کارروائی کی زد میں زیادہ ارکان آتے تھے تاہم انہوں نے محض دو ارکان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ حزب اختلاف کے کم و بیش تیس ارکان ہنگامہ آرائی سے لاتعلق اپنی نشستوں پر موجود رہے جب قائد حزب ختلاف عمر ایوب خان کی سرکردگی میں دیگر ارکان صدر آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران لگاتار ہنگامہ کررہے تھے۔
اسلام آباد امریکاکے یوم آزادی کی 250؍ویں سالگرہ کی سال بھر جاری رہنے والی تقاریب کا دوسرابڑا استقبالیہ ہفتے...
کراچی اٹلانٹک ایکسپلورر کیلئے بیشتر انتہائی نازک مرحلے بھی آئے۔ شمالی بحر اوقیانوس کے پار طاقتور ہواؤں نے...
کراچی "اٹلانٹک ایکسپلورر" نے ہائیڈروجن گیس غبارے میں 3 دن مسلسل پرواز کرکے بحرِ اوقیانوس عبور کرنے اور امریکہ...
راولپنڈی غیر قانونی گردہ ٹرانسپلانٹ کا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب، 2اہم مہرے گرفتار ، ڈاکٹر نادر 187غیر...
کراچی 24 گھنٹے میں ملک بھر سے 432 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ 55 منسوخ جبکہ 53 میں 1 سے ساڑھے 10 گھنٹے تک تاخیر رپورٹ...
کراچی نہ مکمل جنگ نہ مکمل امن، مشرق وسطی کشیدگی کا بوجھ امریکی فوجیوں اور خاندانوں کیلئے ناقابل برداشت...
فیصل آباد تھانہ روشن والا کی حدود سمندری کے قریب ڈکیتی کے بعد فرار ہو کر آنے والے 4 کار سوار ڈاکو مبینہ پولیس...
گوجرہٹوبہ روڈ پر ٹریفک حادثہ باپ بیٹی سمیت تین افراد جاں بحق ایک شخص زخمی ہوگیا بتایا گیاہے کہ تحصیل چوبارہ...