بیوروکریسی اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے؛خاقان مرتضیٰ چیئرمین EOBIتعینات

20 اپریل ، 2024

اسلام آ باد (رانا غلام قادر )وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے ، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت متعدد افسران تبدیل ،۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر د یے ،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے افسر ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ خاقان مرتضیٰ کا تبادلہ کر کے اُنہیں چیئرمین ای او بی آئی تعینات کیا گیا جبکہ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کیپٹن (ر) سیف انجم کو ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اضافی چارج 3 ماہ کیلئے تفویض کیا گیا ۔ان دونوں افسروں کی تقرری کی منظوری وفاقی کا بینہ سے سرکولیشن کی سمری کے ذ ریعے لی گئی ۔ دریں اثناء ایم پی ٹو سکیل میں تعینات پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کا کنٹریکٹ منسوخ کر کے اُنہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا اور ایڈیشنل سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن ظہور احمد کو ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کا اضافی چارج 3 ماہ کیلئے تفویض کیا گیا ۔ ظہور احمد سیکر ٹیریٹ گروپ کے گریڈ اکیس کے افسر ہیں۔ مزید برآں سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 19 کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر ی کے منتظر افسران، عفاف فیض رسول ملک ڈپٹی سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور عبدالواحد تھیہم ڈپٹی سیکریٹری وزارتِ دفاعی پیداوار راولپنڈی تعینات کئے گئے ہیں