عرب امارات کی بارش، نظام زندگی مفلوج مگر تعلیم جاری، مختصر نوٹس پر کلاسز آن لائن

20 اپریل ، 2024

کراچی ( رفیق مانگٹ)متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں نے جہاں نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا،افراتفری اور بے چینی پید کردی ، وہاں تعلیم کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہا، تعلیمی اداروں کے پاس فاصلاتی تعلیم پر منتقل ہونے کا میکانزم پہلے سے موجود تھا۔اسکول مختصر نوٹس پر ریموٹ آپریشنز میں تبدیل ہو گئے اور آن لائن کلاسز شروع ہوگئیں۔ ہرجماعت کے پاس گوگل کلاس روم ہے جو ضروری مطالعاتی مواد کی تقسیم، اور ہوم ورک تفویض کرتا ہے۔ ہر سیکشن کے لیے واٹس ایپ گروپس ہیں،خلیج ٹائمز کے مطابق جو ماڈل کووڈ کی بحرانی صورت حال سے نمٹنے کےلئے عارضی طور پر اپنایا گیا بعد میں وہ ضرورت بن گیا۔کووڈ کے دور میں آن لائن تدریس کے جس نظام کومضبوطی اور مہارت کے ساتھ قائم کیا گیا ، تعلیمی اداروں نے بعد میں بھی اسے جاری رکھا اور ہنگامی صورت حال میں فوری وہ اس نظام پر منتقل ہوگئے۔ گلف نیوز ،خلیج ٹائمز کے مطابق موسمیاتی ماہرین نے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی، امارات بھر کے اسکولوں کو اساتذہ اور طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فاصلاتی تعلیم پرجانے کا مشورہ دیا گیا۔ تمام تعلیمی اداروں کے پاس فاصلاتی تعلیم پر آسانی سے منتقل ہونے کا میکانزم موجود تھا۔