سٹاک مارکیٹ میں تیزی بیرونی فنڈز کی بھاری خریداری

20 اپریل ، 2024

لاہور(سودی) رواں کاروباری ہفتےکے آخری روز مسلسل پریشر اور مندے کے بعد تیزی کا رجحان رہا دو سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوںمیں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا بھر مندا بھی آیا اور اس کے بعد شروع ہونے والی تیزی آخر تک جاری تھی۔ اس دوران انڈیکس میں 103پوائنٹ کی کمی بھی ہوئی اور 679پوائنٹ کا اضافہ بھی، گزشتہ روز کی تیزی کی بڑی وجہ بیرونی سرمایہ کاروں اور اداروں کی طرف سے بھاری خریداری آنا تھی جس نے مقامی سرمایہ کاروں اور اداروں کی بھاری سیل اور پرافٹ ٹیکنگ کو جذب کیا جبکہ دیگر عناصر میں سعودی عرب اور پاکستان کا ریکوڈک اور معدنیات میں سرمایہ کاری کی ڈیل تکمیل کے قریب پہنچنے کی خبریں، وزیر خزانہ کی امریکہ میں عالمی مالیاتی اداروں اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں سے کامیاب ملاقاتیں، قرضوں کی واپسی کے باوجود ملکی زرمبادلہ ذخائر مستحکم رہنا شامل تھے۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، بینکوں، کمپنیوں، میوچل فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور آرگنائزیشنز کی نیٹ سیل تھی جبکہ صرف بیرونی سرمایہ کاروں نے نیٹ خریداری کی۔ اختتام پر انڈیکس 620پوائنٹ اضافہ سے 70910پر آ گیا 200کمپنیوں میں اضافہ، 49میں کمی اور 21میں استحکام رہا47کروڑ 58لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔