زین قریشی کی مقدمات کی تفصیلات کاکیس،سیکرٹری داخلہ سمیت فریقین کونوٹس

20 اپریل ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کے کیس پرسماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ان کی جانب سے وکیل سید علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسارکیا کہ آپکی درخواست پر اعتراض ہے کہ دوسرے صوبوں سے یہ ہائیکورٹ کیسے رپورٹ مانگ سکتی ہے، ہم یہاں سے باقی صوبوں کو ہدایات کیسے دیں؟ جسٹس ارباب طاہرنے کہا کہ آپکے علم میں ہے دوسرے صوبوں میں کوئی مقدمہ درج ہے، عدالت نے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی ۔