کراچی، جاپانیوں پر حملہ ناکام، 2 دہشت گرد ہلاک، محافظ شہید، 5 غیر ملکی محفوظ

20 اپریل ، 2024

کراچی ( نمائندہ جنگ )لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں (جاپانی شہریوں)کی گاڑی پرحملہ ناکام بنادیاگیا‘دھماکے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے‘حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ اور شہری زخمی ہوا‘پانچوں غیر ملکی شہری واقعے میں محفوظ رہے ۔تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ چورنگی سی ون اسٹاپ کے قریب جمعہ کی صبح 6 بجکر 50 منٹ پر کلفٹن زمزمہ کے علاقے سے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون جانے والےجاپانی شہریوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا‘ایک دہشت گرد نے گاڑی کے قریب آ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا،غیر ملکیوں کے ساتھ موجود سیکورٹی گارڈز نے ملزمان کا مقابلہ کیا جبکہ اس دوران قریب موجود پولیس موبائل بھی موقع پر پہنچی،دوسرا دہشت گرد جو مسلسل فائرنگ کر رہا تھا پولیس اور سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری زخمی ہوا۔ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق گاڑی پرخودکش حملہ کیا گیا‘متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے‘گاڑیوں میں 5 جاپانی شہری سوار تھےجو محفوظ ہیں ‘غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیاہے،ایک خودکش حملہ آور دھماکے میں ہلاک ہوا جبکہ اس کے ساتھی کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔دھماکے کی جگہ کے قریب موجود ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔