ایوان میں اپوزیشن کے احتجاج کا مقصد NRO لیکر اپنے رہنماؤں کو رہا کرانا ہے، بلاول

20 اپریل ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) حزب اختلاف کے اراکین کا پارلیمنٹ میں احتجاج کا مقصد این آر او لے کر اپنے پارٹی لیڈران کو رہا کرانا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کو احتجاج بلوچستان میں نہیں بلکہ خیبر پختونخوا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں میں علی امین گنڈا پور کے خلاف کرنا چاہئے۔ پی ٹی آئی کے اراکین کے رویئے سے ایوان کا وقار مجروح ہو رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف مل کر کارروائی کریں، اپوزیشن اراکین بی بی آصفہ سے خوفزدہ ۔ یہ باتیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں کی جانب سے کئے سوالوں کے جواب میں کہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن اراکین بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے خوفزدہ ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے ان کے حلف اٹھاتے وقت ایوان میں شور شرابہ کیا، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک نہتی لڑکی سے خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کبھی بھی ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبراتی اور 3 نسلوں سے ہم نے ان کا مقابلہ کیا ہے، جنرل ضیا الحق اور جنرل مشرف جیسے ڈکٹیٹروں کو جمہوریت سے شکست دی ہے، ہم ابھی بھی ان کا جمہوری انداز میں سامنا کریں گے۔