سعودیہ کیساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام شروع کرینگے،16چینی کمپنیاں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں کام کیلئے تیار ہوگئیں،وزیراعلیٰ مریم نواز

20 اپریل ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودیہ کیساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام شروع کرینگے،16 چائنیز کمپنیاں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کام کیلئے تیار ہوگئیں ،وزیر اعلیٰ مریم نواز سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (DCO) کی سیکرٹری جنرل دیمہ ال یحییٰ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب سے سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی افرادی قوت فراہم کر نا اور اعلیٰ سعودی ٹیک انکیوبیٹرز کے ساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب چپ بنانے کی صنعت، لیتھیم آئن بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ملکر کام کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک کو زراعت اور کان کنی کی ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کے لیے مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ،ڈیجیٹل معیشت میں لوگوں، کمپنیوں اور ممالک کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔لاہور میں جدید آئی ٹی سٹی بنانے جا رہے ہیں ،آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی علاقے تعمیر کئے جائیں گے۔دیمہ ال یحییٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک (ITCN) کی میزبانی سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں DCO اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکر کام کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت موجود ہے ۔ پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کلاؤڈ سروسز فراہم کرنے اور پاکستانی کمپنیوں کو جی سی سی ممالک میں آئی ٹی کے شعبے میں آپریشنز بڑھانے کیلئے مدد فراہم کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم کی زیر صدارت ایک اجلاس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں سنگا پور،انگلینڈ، ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں بھی آئی ٹی سٹی کے لئے روڈ شوز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملک بھر میں بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے رواں ماہ سے اگست تک روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے،نواز شریف آئی ٹی سٹی میں16 چینی کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا، آٹھ کمپنیاں آئی ٹی سٹی میں فوری طور پر کام کرنے کیلئے تیارہیں ، وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی سٹی کے لئے دنیا کی بہترین آرکیٹکچرل کمپنیز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بزنس کال سنٹرز کے لئے دو ٹاورز مختص کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بڑوں شہروں کو عالمی سطح پر آئی ٹی حب بنانا چاہتے ہیں ،وزیر اعلیٰ نے چینی زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چینی زبان عالمی منظر نامے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے ،چین نے دنیا بھر میں معاشی طو رپر اپنالوہا منوایا ہے۔