مقامی ریفائنریوں کی 5 سے 6 ارب ڈالرز کی اپ گریڈیشن میں رکاوٹیں

20 اپریل ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)مقامی ریفائنریوں کی 5 سے 6 ارب ڈالرز کی اپ گریڈیشن میں رکاوٹیں، پارکو اپنے اپ گریڈ منصوبے پر ابھی تک فیصلہ نہ کرسکی؛اے آئیز پر دستخط کی ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ترمیم شدہ براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی کے تحت مقامی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن میں بنیادی طور پر ملک کی سب سے بڑی ریفائنری پارکو (پاک عرب ریفائنری کمپنی) کی جانب سے اپ گریڈ کے منصوبے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا ہوگئی ہیں۔ اس کی وجہ سے اوگرا اور مقامی ریفائنریوں کے درمیان عمل درآمد کے معاہدوں (آئی ایز) پر دستخط کرنے میں تاخیر ہوئی حالانکہ اے آر ایل (اٹک ریفائنری لمیٹڈ) اور این آر ایل (نیشنل ریفائنری لمیٹڈ) دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن حکومت چاہتی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی موجودگی میں مقامی ریفائنریوں کے ذریعے اے آئیزپر دستخط بغیر رکے کیے جائیں۔ لہٰذا حکومت نے پارکو کو زیر غور لانے اور سنرجیکو کے 47.5 ارب روپے کے پی ایل ایشو کو حل کرنے کے لیے مقامی ریفائنریز اور اوگرا کے درمیان نفاذ کے معاہدوں (اے آئیز) پر دستخط کرنے کے لیے 22 اپریل کی ڈیڈ لائن میں 6 ماہ کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔