پاکستان :حکومت نے بینکوں سے ریکارڈ 55 کھرب روپے قرض لے لیا

21 اپریل ، 2024

اسلام آبا د(این این آئی)حکومت نے بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنے کیلئے ایک ہفتے کے دوران بینکوں سے650ارب روپے کا قرضہ لے لیا ۔ رپورٹ میں سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال یکم جولائی تا 5 اپریل کے دوران حکومت نے کمرشل بینکوں سے ریکارڈ 55 کھرب روپے کا قرضہ لیا۔13 اپریل کو مرکزی بینک نے رپورٹ کہا کہ حکومت نے بینکوں سے 48 کھرب 42 ارب کے قرضے لیے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے ایک ہفتے کے دوران 657 ارب روپے لینے کے بعد قرضہ 55 کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے۔مالی سال 23 کے دوران حکومت نے بینکوں سے 37 کھرب روپے کا قرضہ لیا تھا، لیکن موجودہ صورتحال تشویشناک نظر آتی ہے کیونکہ حکومت نے پہلے 9 مہینوں میں قرضوں میں 17 کھرب 84 ارب روپے کا اضافہ کیا ہے۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کیساتھ نئے معاہدے سے پاکستان کیلئے عالمی مارکیٹ سے قرض لینے کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق جون 2024 کے آخر تک بینکوں سے قرضے 70 کھرب روپے تک پہنچ سکتے ہیں۔