سپریم کور ٹ ، آئندہ عدالتی ہفتے کے کیسز کی سماعت کیلئے 10بینچز تشکیل

21 اپریل ، 2024

سلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران کیسز کی سماعت کے لئے دو 6رکنی اور5رکنی لارجر بینچز سمیت کل10بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل تین رکنی بینچ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 22اپریل (سوموار)سے26اپریل (جمعہ)تک مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس شاہد وحید ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل 6رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میں سویلنز کے ٹرائل کے حوالہ سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلا ف سیکرٹری وزارت دفاع، سیکرٹری برائے قانون وانصاف، سیکرٹری داخلہ کے توسط سے حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں،شہداء فائونڈیشن بلوچستان اوردیگر کی جانب سے سابق چیف جسٹس جواد سعید خواجہ ، بیرسٹر چوہدری اعتزازاحسن، زمان خان وردگ، جنید رزاق ،کرامت علی اوردیگر کے خلاف دائر 50نظرثانی درخواستوں پر 24اپریل بروز بدھ دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا،سماعت سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر4میںمنعقد ہو گی۔