چینی زبان دنیا بھر میں رابطے کی بڑی زبان بن چکی ہے،وزیراعظم

21 اپریل ، 2024

اسلام آباد ، لاہور (آئی این پی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں ، گزشتہ روز وزیر اعظم نے چینی زبان کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ چینی زبان ہزاروں سال پرانی چینی ثقافت کی ترجمان زبان ہے۔ گزشتہ دہائیوں میں جہاں چین نے اپنی معاشی ترقی کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے وہی چینی ثقافت اور چینی زبان دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کی آج چینی زبان دنیا بھر میں رابطے کی بڑی زبان بن چکی ہے اور اقوام متحدہ بھی چینی زبان کو رابطے کی آفیشل زبانوں میں شامل کر چکی ہے۔ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چینی زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چینی زبان عالمی منظر نامے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے،چینی زبان اقوام متحدہ کی چھ آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے، دنیا بھی چین اور چینی زبان کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔چین نے دنیا بھر میں معاشی طورپر اپنالوہا منوایا ہے۔عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں زبان اہم ہے۔ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے،چینی زبان سے آگاہی ضروری ہے۔ چینی زبان پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مضبوط کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلق ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے چین نے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ چینی باشندوں کی سیکورٹی پر مامور پنجاب پولیس کو چینی زبان سکھائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے چینی زبان میں مہارت بہت ضروری ہے۔ زبان سیکھنے سے چینی ثقافت کو سمجھنے کے ساتھ عوام سے بہتر تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔