پاکستان قومی وصوبائی اسمبلی کی21نشستوں پرضمنی الیکشن ہونگے

21 اپریل ، 2024

اسلام آباد،لاہور( نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز)قومی اسمبلی کے5اور 16صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن آج( 21 اپریل کو) منعقد ہوں گے، پولنگ صبح8سے شام5بجے تک جاری رہے گی جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،اس موقع پر پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی 21 اپریل کو ہوگی جبکہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کیلئے 892 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ، بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوگا، 354 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے