لاہور، زائد نرخوں پر روٹی فروخت،6روز میں 185ملزمان گرفتار

21 اپریل ، 2024

لاہور (صباح نیوز)لاہور پولیس کاضلعی انتظامیہ کے ہمراہ روٹی مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ زائد نرخوں پرروٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں گزشتہ6روز میں 88مقدمات درج کر کے 185ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ سٹی ڈویژن میں روٹی مہنگی بیچنے والے24ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔اسی طرح کینٹ ڈویژن میں 63، سول لائنز ڈویژن میں 32، صدرڈویژن میں 08، اقبال ٹان ڈویژن میں 28اورماڈل ٹان ڈویژن میں 30ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے روٹی کی مقرر کردہ قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کے حوالے سے کہا ہے کہ روٹی کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت پر عملدرآمد کیلئے جاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کو بھر پور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کوضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے اور تندوروں پرمہنگے داموں روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث قانون شکن عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔