سی پیک ، نان سی پیک پراجیکٹس کے سیکورٹی آڈٹس میں خامیاں ،خفیہ ایجنسی

21 اپریل ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے صوبے بھر میں پتنگوں اور ان کے سامان کی آن لائن خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کی منظوری دے دی، معتبر ذرائع نے’’جنگ‘‘ کو بتایا یہ فیصلہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خفیہ ایجنسی سپیشل برانچ کی رپورٹ پر کیا گیا جس میں پتنگوں کی خرید و فروخت میں ملوث لوگوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی سفارش کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر بتایا گیا کہ خفیہ ایجنسی کی طرف سے سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس کے سیکورٹی آڈٹس کئے جس میں کئی خامیاں نظر آئیں جنہیں تمام متعلقہ سٹک پولڈرز سے شئیر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پولیس کو سہولتوں کا فقدان انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی،کمیٹی کو بتایا گیا کہ ڈی جی خان سیمنٹ کا حال ہی میں سیکورٹی آڈٹ کیا گیا جس میں وہاں سیکورٹی کی تعیناتی اور دیوار کی لمبائی کم ہونے سمیت کئی خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ایجنسی نے پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کو درخواست کی کہ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کریں کہ وہ جنگی بنیادوں پر سیکورٹی کے حوالے سے ان خامیوں کو دور کریں۔ اجلاس میں کمیٹی کو پنجاب کے دور دراز علاقوں میں تعینات پولیس کو سہولتوں کے فقدان ہےاور چونکہ اس وجہ سے سیکورٹی پر سمجھوتا ہونے کا خطرہ ہے اس لئے پولیس کو ان کی ضرورت کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔