نجی اسپتال میں بشریٰ بی بی کا معائنہ ، معمولی نوعیت کی گیسٹرو کی تشخیص

21 اپریل ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اسلام آباد کےنجی ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کا معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے معمولی نوعیت کی گیسٹرو کی تشخیص کی ہے ،ذرائع کے مطابق ہفتہ کو سابق خاتون اول کو سب جیل بنی گالاسے نجی ہسپتال لایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے ان کامیڈیکل چیک اپ کیا، ان کے مختلف ٹیسٹ کروائے گئے ، وہ تقریباً 6گھنٹے تک ہسپتال میں رہیں ،اُن کی انڈو سکوپی، الٹرا ساؤنڈ، ایکو اور ای سی جی کی گئی، طبی معائنے کے دوران بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے، بشریٰ بی بی نے بلڈ اور یورین ٹیسٹ کے لئے سیمپل دینے سے انکار کیا، نجی ہسپتال میں چیک اپ کے دوران اسلام آبادپولیس کی نفری تعینات تھی،یاد رہے گزشتہ روز احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے دو روز میں نجی ہسپتال سے ان کے ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ، چیک اپ اور ٹیسٹ کروانے کے بعد سابق وزیراعظم کی اہلیہ کوسب جیل بنی گالہ منتقل کردیاگیا،ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس ڈاکٹر عاصم، جیل سپرنٹنڈنٹ اور پمز ہسپتال کو فراہم کی جائیں گی۔