ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر ترقیاں، تبادلے و تقرریاں

21 اپریل ، 2024

کراچی(اسد ابن حسن) وفاقی وزیر داخلہ نے گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس میں جو بات کی تھی کہ ایف آئی اے ملازمین کے برسوں سے رکی ہوئی ترقیوں کا پروسیس جلد مکمل کر لیا جائے گا اور ملازمین کے پروموشن جلد کر دیے جائیں گے اس پر کافی حد تک عمل ہو گیا ہے۔ اور اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹل پروموشن بورڈ کے اجلاس منعقد کیے گئے اور گزشتہ روز وفاقی ادارے کے ایچ آر ایم ڈیپارٹمنٹ نے ترقیوں اور تبادلوں کے نوٹیفکیشنز جاری کر دیے۔ جن ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی ہے ان میں 11 اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز جن کے مختلف زونز میں تبادلے بھی کر دیے گئے ہیں، 206 کانسٹیبلز، 20 اپر ڈویژن کلرکس، دو اسسٹنٹ و دو لوئر ڈویژن کلرکس اور ایک اسٹینو شامل ہیں۔ پانچ ڈپٹی ڈائریکٹرز جن کے تبادلے کیے گئے ہیں ان میں احمد رضوان خان، صائم خان، عائشہ آغا خان، عابد حسین اور بقا محمد شامل ہیں۔