گلشن معمار اور پرانا گولیمار میں فائرنگ ، 2 افراد ہلاک

21 اپریل ، 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلشن معمار اور پرانا گولیمار میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود مسلم گوٹھ امیر حمزہ مسجد کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 55سالہ زمین خان ولد گل عمر ہلاک ہوگیا ، واقعے کی اطلاع پرپولیس اور ریسکیو اہلکاروںنے موقع پرپہنچ کر لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کی ، پولیس کے کہنا ہےکہ زمین خان اور نوراسلام کے مابین لین دین کا تنازع تھا جس سے متعلق ان کا فیصلہ ہونا تھا تاہم جرگہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ پر دونوں رضا مند نہیں ہوئے اس دوران دونوں میں گالم گلوچ ہوئی اور نورالسلام نے فائرنگ کرکے زمین خان کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا،پولیس نے جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 3 خول برآمد کرلئے ہیں ،ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم گھر پر تالا لگا کر اہل خانہ سمیت فرار ہوگیا ہے۔پاک کالونی تھانے کی حدود پرانا گولیمار میں ہفتہ کو منشیات فروشوں کے دو گروپوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں منشیات فروش گینگ کا کارندہ شدید زخمی ہوگیا،واقعے کی اطلاع پرپولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور سرچ آپریشن شروع کیا،جبکہ زخمی شخص کو اسپتال منتقل جہاں پر اس کی شناخت اکبر کے نام سے ہوئی ،تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔