دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرینگے،افغان وزیراعظم

28 نومبر ، 2021

کابل(اے ایف پی)افغانستان کے وزیراعظم محمد حسن اخوند نے کہا ہے کہ افغان حکومت دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگ زدہ ملک کی مدد جاری رکھیں۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ٹی وی سے نشر ہونے والی قوم سے اپنی پہلی تقریر میں طالبان حکومت کے وزیراعظم محمد حسن اخوند نے کہا کہ ہم تمام ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور سب کے ساتھ بہترین معاشی تعلقات رکھنا چاہتےہیں۔محمد حسن اخوند نے قوم سے اپنا پہلا خطاب ایک ایسے موقع پر کیا جب اگلے ہفتے دوحہ میں امریکا سے طالبان کے مذاکرات ہونے جارہے ہیں جبکہ قومی درپیش چیلنج کے باجود حکومت سنبھالنے کے بعد خاموشی پر سوشل میڈیا پر تنقید کا بھی سامنا تھا۔