چین ، موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال،نظام زندگی درہم برہم

23 اپریل ، 2024

بیجنگ(این این آئی)چین کے جنوبی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں سے سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی ،تفصیل کے مطابق مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت گر گئے، ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔مسلسل بارشوں سے صوبے گوانگ ڈونگ کے کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہوگئی، 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ، سیکڑوں سکول بند کر دیے گئے ،ڈیموں اور دریاں میں پانی کی سطح بڑھنے سے بھی سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، سیلاب سے لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کے خدشے پر حکام نے ایمرجنسی ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔جیانگ ژی صوبے میں بھی شدید خراب موسم کا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے، گوانگ ژی ریجن میں مسلسل بارشوں کے بعد اب تک لینڈ سلائیڈنگ کے 65 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔