اب کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں آئے گی،IMF پروگرام سے معاشی صورتحال بہتر ہوگی، وزیر خزانہ

23 اپریل ، 2024

اسلام آباد،دبئی (کامرس رپورٹر،نیوزایجنسیز )وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے نیا قرض حاصل کرنے کا خواہاں ہے،اب کوئی ایمنسٹی سکیم نہیں آئیگی، IMF پروگرام سے معاشی صورتحال بہترہوگی ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے ذریعے بیرون ملک سے سرمایہ کاری کو فروغ دیاجا رہا ہے ملکی معیشت کوبہتری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے روڈ میپ تشکیل دیا ہےروپیہ اب مستحکم ہےاور مہنگائی اگلے سال کے آخر تک سنگل ڈیجٹ تک آنے کی توقع ہے،میکرو اکنامک عوامل پاکستان کے حق میں بدل رہے ہیں کیونکہ یہ اپنی پسماندہ معیشت کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات کے انگریزی اخبار کوواشنگٹن میں دئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کو کم از کم تین سال کی مدد درکار ہوگی، پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے نیا قرض حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے آئی ایم ایف نے ایک بڑے اور طویل پروگرام پر غور کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے قرض کی حتمی تفصیلات کا تعین اسوقت کیا جائیگا جب آئی ایم ایف کا مشن آئند ہ ماہ اسلام آباد کا دورہ کریگا ،علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں جن میں آیانا ہولڈنگ کے چیئرمین عبداللہ بن لہیج اور محمد ہلال بن تراف المنصوری، چیئرمین ناد الشیبہ ہولڈنگ شامل تھے، انہوں نے موجودہ اقتصادی شراکت داری کی حمایت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے طریقے تلاش کئے۔