بھارتی عزائم ، ایران سے بھی بات کرنی چاہئے ، اعزاز چوہدری

23 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ درجہ حرارت کم کرنے میں فائدہ ہے، مودی کی عربوں سے متعلق سوچ عرب ممالک تک پہنچنی چاہئے، انڈیا پاکستان میں ریاستی دہشتگردی کررہا ہے، انڈیا نے پاکستان میں گھس کر ہمارے بیس لوگ مارے ہیں، ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان بہت اچھی بات ہے، ہندوستان کے عزائم کے بارے میں ایران سے بھی بات کرنی چاہئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر ایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور ماہر بین الاقوامی قوانین احمر بلال صوفی بھی شریک تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ انڈیا کے پیچھے جب تک امریکا کی سپورٹ ہے اس وقت تک دندناتا پھرے گا، انڈیا نے پاکستان اور کینیڈا میں شہریوں کو قتل کیا یہ معاملہ ایف اے ٹی ایف میں اٹھایا جائے۔احمر بلال صوفی نے کہاکہ انڈیا اکھنڈ بھارت کے تحت پڑوسی ممالک پر قبضے کا ارادہ رکھتا ہے، تاریخ کی بنیاد پر کسی ملک پر دعویٰ کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے،ایران پر امریکی پابندیوں سے پاکستان بلاوجہ متاثر ہورہا ہے۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی اس دفعہ جیتنے کے بعد پاکستان سے تعلقات کچھ نارمل کرسکتے ہیں، ہندوستان کو بہت سی جہتوں میں پاکستان کے ساتھ درجہ حرارت کم کرنے میں فائدہ ہے، نریندر مودی اکھنڈ بھارت کے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بی جے پی اپنے ہندوتوا کا ایجنڈا نہیں چھوڑے گی، بھارت میں مسلمانوں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکا کے دباؤ کی وجہ سے کوئی کمپنی پاک ایران گیس پائپ لائن میں ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتی۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا انڈیا کبھی بھی مضبوط پاکستان کو برداشت نہیں کرسکتا، انڈیا سے ہمیں کبھی بھی اچھائی کی توقع نہیں رکھنی چاہئے۔ پاکستان اندرونی طور پر مضبوط ہوگا تب ہی عالمی سطح پر ہماری اہمیت ہوگی۔ماہر بین الاقوامی قوانین احمر بلال صوفی نے کہا ایران پر امریکی پابندیوں سے پاکستان بلاوجہ متاثر ہورہا ہے، امریکا کے لیگل ڈویژن کے سامنے یہ موقف پیش کریں تو امکان ہے ہمیں گیس پائپ لائن کیلئے استثنیٰ مل جائے۔