وزیر خزانہ کی تمباکو ٹیکس اصلاحات کو خوش آئند ، یکساں ٹیکس ہونا چاہئے، ڈاکٹر آفتاب مدنی

23 اپریل ، 2024

اسلام آباد (آئی این پی)ماہر تعلیم نے وفاقی وزیر خزانہ کی تمباکو ٹیکس اصلاحات کو خوش آئندہ قرار دیا ہے ۔ انڈس یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر آفتاب مدنی نے ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے آئی ایم ایف کی سفارشات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے واضح طور پر سفارش کی ہے کہ سگریٹ پر یکساں ٹیکس ہونا چاہئے چاہے وہ کسی بھی قومی یا ملٹی نیشنل برانڈ سے تعلق رکھتے ہوں۔ سگریٹ کو ہر حال میں مہنگا کرنے کی ضرورت ہے ،یہ بیماری اور اموات کا سبب بنتا ہے جن کا حساب رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈاکٹر حسن شہزاد کو واحد محقق قرار دیا جن کی رپورٹ کو آئی ایم ایف نے ٹیکس اصلاحات سے متعلق اپنی سفارشات میں حوالہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ انڈسٹری ایک دہائی سے بھی کم عرصے میں قومی خزانے کو 567 ارب روپے کے نقصان کی ذمہ دار ہے۔