9 مئی کے3 مقدمات،شیخ رشید کی درخواست بریت پر تفتیشی ٹیموں کو نوٹس

24 اپریل ، 2024

راولپنڈی(جنگ نیوز)راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس کے 3 مقدمات میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست بریت پر تفتیشی ٹیموں کو نوٹس جاری کردیے۔گذشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کیخلاف 9 مئی کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی، شیخ رشید اپنے وکلاء سردار رازق اور سردار شہباز کے ہمراہ پیش ہوئے۔دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل نے بریت کی درخواست دائر کر دی، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے تینوں مقدمات کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔دریں اثناء عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت فیل ہو چکی ،ہم پر جھوٹے مقدمات اور جھوٹی شہادتیں ہیں جو 2 دن جیل میں نہ رہ سکے ہمارے خلاف گواہی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر ایسے کیسز بنائے گئے ہیں کہ دنیا ان پر ہنسے گی انہیں یہ کیسز واپس لینا ہوں گے ہم قانون کے دائرے میں لڑیں گے۔