PTIمیں بشریٰ بی بی کی خوشنودی کے لیے دوڑ لگی ہے،عطاءتارڑ

24 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اگر بشریٰ بی بی نے دیکھ لیا تھا کہ ٹوائلٹ کلینر ملایا گیا تو آپ نے کھانا کیوں کھایا؟، پی ٹی آئی میں بشریٰ بی بی کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ عمران خان نعرہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ لاتے ہیں مگر ڈیل بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ چاہتے ہیں، ابھی تک حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان سب اچھا چل رہا ہے، حکومت معاشی کارکردگی نہیں دکھاسکی تو اسٹیبلشمنٹ اس کا بوجھ نہیں اٹھاسکے گی،سینئر صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے کہا کہ حکومت کی سطح پر سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی سوچ پائی جاتی ہے، عمران خان سیاسی لوگوں سے بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، عمران خان صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، مستقبل قریب میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ عمران خان کی ڈیل ہوتی نظر نہیں آرہی۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد کی بہترین نجی میڈیکل سہولت سے بشریٰ بی بی نے استفادہ کیا، اسلام آباد کے بہترین اسپتال میں بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ ہوئے اور بہترین ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کیا۔