عمران کا رویہ انتہائی متکبرانہ ، مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، رانا تنویر

24 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کا رویہ انتہائی متکبرانہ ہے مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان کے رویے میں تبدیلی کے بعد ہی مذاکرات کا سوچا جاسکتا ہے،پی ٹی آئی ہر وہ کام کرتی ہے جس سے ملک کو نقصان پہنچے، تحریک انصاف احتجاج کرے مگر اس میں شدت نہیں ہوگی، سیاسی جماعتوں میں مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہے، تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا کہ آئین کی بحالی کیلئے جمعہ سے ملک گیر تحریک شروع کررہے ہیں، یہ تحریک آئین کی سربلندی اور سرفرازی کیلئے چلائی جارہی ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلاء اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، وکلاء آئین کے سب سے بڑے سپاہی ہیں وہ ہمیشہ آئین کی سربلندی کیلئے کام کریں گے۔