معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے۔ وزیراعظم سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے منگل کو ملاقات کی،وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے۔ ادھر وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی،وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں اور ماہرین کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں۔ دریں اثناء وزیر اعظم سے چیئرمین چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی لووژاوہوئی کی سربراہی میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد سےگفتگو نے ملاقات کی ،وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ڑائیڈونگ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ وزیرِ اعظم دونوں ممالک کے مابین چار مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوئے، ان مفاہمتی یاداشتوں میں سیلاب کے بعد بحالی، اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی، جنکاو ٹیکنالوجی، منصوبہ سازی برائے چین پاکستان ترقیاتی تعاون (2024-28) شامل ہیں۔