چکلالہ گیریژن میں سائنسدانوں اور انجینئرز کو سول اعزازات دینےکی تقریب

24 اپریل ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز)چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں اسٹریٹجک آرگنائزیشن کے سائنسدانوں اور انجینیئرز کو سول ایوارڈ دینےکی تقریب ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سول ایوارڈز عطا کیے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے صدر مملکت کی جانب سے ایوارڈز دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مجموعی طور پر 35 ایوارڈز دیےگئے۔7 افسران کو ستارہ امتیاز، 15 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، 13 افسران کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سائنسدانوں اور انجینیئرز کی خدمات کو سراہا اور قوم کے ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ آپ سب نے ایک بہادر قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرنےکے لیے بے لوث کردار ادا کیا، ہم ہمیشہ آپ کے مقروض ہیں۔