پارلیمنٹ ڈائری، وفاقی وزیرمحمد اورنگ زیب کی قومی اسمبلی میں رونمائی

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد(محمد صالح ظافر،خصوصی تجزیہ نگار) خزانے اور محصولات کے وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگ زیب کی قومی اسمبلی میں رونمائی ہوگئی ہے انہوں نے معاشی حکمت عملی کے بارے میں اپنی حکومت اور وزارت کا موقف اس قدر متاثرکن پیرائے میں پیش کیا کہ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کیلئے اسے مسترد کرنا مشکل ہورہا تھا اور وہ لچھے دار جملوں اور لفظوں سے جوابی حملے پر اتر آئے ایوان کی دونوں جانب کے ارکان نے سینیٹر اورنگ زیب کی آمد اور انہیں وزیراعظم کی نشست سے متصل فروکش ہوتے دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ان کی قومی اسمبلی میں آمد کا وہ منظر ازحد دلچسپ تھاجب وہ پرائم منسٹر چیمبر سے متصل دروازے سے ایوان میں داخل ہوئے اور سیدھے حزب اختلاف کی اگلی صف میں بیٹھے زین قریشی سے پرجوش معانقہ کیا جنہوں نے اپنی نشست سے اُٹھ کر وزیر خزانہ کا استقبال کیا دونوں کئی منٹ تک خوش گپیاں کرتے رہے جس کے بعد وہ وزراء کیلئے مخصوص اگلی نشستوں پر آکر بیٹھ گئے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات نے تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔