فلسطینیوں کا مسلسل قتل عام قابل مذمت ، اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کروائی جائے، او آئی سی

24 اپریل ، 2024

جدہ (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل اور المناک قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کروائی جائیں ، غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں حال ہی میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینکڑوں بے گھر، زخمیوں اور بیماروں کے ساتھ ساتھ طبی قافلوں میں شامل لوگوں کو قتل کرنے اور اجتماعی تدفین سے پہلے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں اسے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم کے علاوہ منظم ریاستی دہشتگردی قرار دیا گیا اور اس کی بین الاقوامی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔