عمران کا رویہ انتہائی متکبرانہ ، مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، رانا تنویر

24 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کا رویہ انتہائی متکبرانہ ہے، مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان کے رویے میں تبدیلی کے بعد ہی مذاکرات کا سوچا جاسکتا ہے۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا کہ آئین کی بحالی کیلئے جمعہ سے ملک گیر تحریک شروع کررہے ہیں، وکلاء اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،عمران خان جب تک سیاست میں فوج کی مداخلت کیخلاف رہیں گے لوگوں میں مزید ہردلعزیز ہوں گے، عدلیہ اس وقت مکمل طور پر اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کے ساتھ ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات صاف و شفاف تھے ، جاوید لطیف سے ہمدردی ہے وہ جیت جاتے تو اچھا ہوتا۔حامد خان نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججوں کا خط امید کی کرن ہے، سپریم کورٹ اس معاملہ میں ابھی تک واضح نظر نہیں آئی۔