کراچی،لاہور(نمائندہ جنگ ، نیوز ایجنسیاں)ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں لاہوراورکراچی آمد ‘ علامہ اقبال اور قائد اعظم کے مزارات پر حاضری ‘فاتحہ خوانی ‘ چادرچڑھائی‘ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ظہرانے اور وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ کے پرتکلف عشایئے میں شرکت کی جبکہ گورنر سندھ نے صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ۔ایرانی صدرکا کہنا ہے کہ غزہ کے حوالے سے اسلام آباد اور تہران کا مؤقف ایک ہے ‘ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے‘ انہوں نے صیہونی رجیم کو خبردار کیا کہ اگر اس نے دوبارہ ایران کی مقدس سرزمین پر حملے کی غلطی کی تو صورتحال بالکل مختلف ہوگی ‘ اسرائیلی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گااورشاید اس کا کچھ باقی نہیں بچے گا‘ہم نے اسرائیل کو شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کی سزادی ہے ‘اس وقت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سب سے بڑے ذمہ دار امریکا اور مغربی ممالک ہیں ‘ان ممالک کا انسانی حقوق کے تحفظ کا دعویٰ کھوکھلا ہے‘اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر ناز ہے،عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا جوممکن نہ ہو سکا جبکہ مریم نواز نے صدررئیسی اور ایرانی خاتون اول سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک ایران دوستی عشروں پرمحیط ہے ‘پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو سٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں منگل کو لاہور پہنچے ‘ایئرپورٹ پہنچنے پرمریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی‘پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیں مریم نواز نے گورنر ہاؤس میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتیں کیں اوروفد کے اعزاز میں ظہرانہ میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔صنعتی، زرعی ترقی کیلئے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی فیکلٹی اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہےپاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صدرابراہیم رئیسی سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے ایرانی صدر کو لاہور سے کراچی روانگی سے پہلے الوداع کیا۔ بعدازاں کراچی آمد پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری اوروزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایرانی صدر کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا۔ ایران کے صدر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی‘بعدازاں ان کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ گورنر سندھ نے صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی۔ ایرانی صدر نے بزنس فورم کے شرکا سے ملاقات بھی کی۔وزیراعلی ہائوس سندھ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے خطاب کرتے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اپنی صلاحیتوں کا تبادلہ پاکستان کے ساتھ کرنے کے لئے تیار ہے‘ دونوں ممالک کی حکومتیں تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں مختلف امکانات پر گفتگو ہوئی ہے‘دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی تعلقات کو بڑھانے کے لئے مشترکہ اقدامات کئے جارہے ہیں‘دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تجارت عوم کے بہترین مفاد میں ہے‘کوئی بھی قوت دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی‘ایران کی قیادت اور قوم کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے امن و سلامتی کا پیغام لیکر آیاہوں۔ تمام مسلمان ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے باہمی اتحادواتفاق پیدا کرنا ہوگا۔فلسطین اور القدس کی آزادی امہ کی پہلی ترجیح ہے۔قبل ازیں گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صدر ابراہیم رئیسی کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی بھی موجود تھے۔ تقریب سے کامران ٹیسوری، سید مراد علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں سید مراد علی شاہ کی جانب سے ابراہیم رئیسی اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 900 سے زائد معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اسلام آباد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جی-7 اجلاس کے بعد دیے گئے بیانات کے اثرات کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں...
اسلام آباد حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا فارمیٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صارفین کے لیے انہیں...
کراچی امریکہ کا بڑا اسٹریٹجک یوٹر، انڈو پیسیفک کمانڈ کا نام تبدیل، بھارت کی اہمیت میں کمی؟ امریکی فوجی...
لاہور پنجاب بجٹ : امن و امان اور انتظامی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے اربوں روپے مختص۔فرانزک سسٹم، چیک پوسٹس اور اے...
کراچی فارن پالیسی میگزین کا کہنا ہے ایران جنگ میں کوئی فاتح نہیں، سب ہار گئے، امریکہ اور اسرائیل کی عسکری...
اسلام آبادحکومت کا ارادہ ہے کہ وہ آئندہ مالی سال میں مجموعی طور پر 23.378 ارب ڈالر کا قرضہ لے گی مالی سال 2026-27...
دبئی اسرائیلی جاسوسوں کو چکما، پاکستانی حکمت عملی کامیاب،ہاتھوں سے لکھے خطوط نے امریکا ایران معاہدہ محفوظ...
کراچی پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لئےفضائی پابندی میں مزید توسیع کر دی۔