حکومت تمام اخراجات ادھار لے کر پورا کر رہی ہے، احسن اقبال

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد (کامرس رپورٹر، آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت تمام اخراجات ادھار لے کر پورا کررہی ہے، سعودی عرب جلد پاکستان میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے اور اس کے بعد سعودی ولی عہد کا پاکستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔ پاکستان نے اگلے تین سال میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم غیر ضروری ریگولیشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کا کردار قابل ستائش ہے ۔ 7 فیصد معاشی گروتھ سے 2047 تک پاکستا ن 2 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔