نواز شریف چین کے نجی دورہ پر پہنچ گئے، جنید صفدر اور 5دیگر بھی ہمراہ

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک ہفتے کے دورے پر چین پہنچ گئے۔ ان کے نواسے جنید صفدر اور دیگر پانچ افراد ان کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے اسے نجی دورہ قرار دیا ہے۔ سابق وز یر اعظم پیر (22 اپریل) کو چینی ایئر لائن کی پرواز CZ-6038سے روانہ ہوئے۔ اگرچہ ان کا دورہ سرکاری نوعیت کا نہیں لیکن باوثوق ذرائع نے منگل کی شام یہاں دی نیوز کو بتایا کہ یہ دورہ ملک اور اس کے عوام کے لیے انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہو گا کیونکہ اس کے نتیجے میں لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام بڑے شہروں میں اسی طرح کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ کئی چینی کمپنیوں نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف چین کی حکمران جماعت کے رہنماؤں اور بڑے کاروباری گھرانوں سے اپنے روا بط بحال کریں گے جو بعد ازاں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے قیام کے لئے پاکستان آئیں گے۔ ذرائع نے ان کے چین میں میڈیکل چیک اپ کے لئے جانے کے منصوبے کے بارے میں قیاس آرائیوں کی تصدیق نہیں کی۔