لاپتہ افراد کامعاملہ آسان نہیں ، اس کی بہت سی جہتیں ، سیاسی حل نکالنا ہے ، وزیر قانون

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی،جنگ نیوز ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ آسان نہیں، اسکی بہت سی جہتیں ہیں ، سیاسی حل نکالنا ہے، حکومتی اداروں کی مداخلت کے الزام کو یکسر مسترد نہیں کیا جا سکتا، مسئلہ حل کرنے میں کیسز میں سے 8000 کیسز کو حل کیا،ابھی بھی 23 فیصد کیسز پر کام ہونا باقی ہے، اگر آپ کہیں کہ حکومتی اداروں کی اس معاملے میں مداخلت ہے تو یکسر اس بات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ اس بارے میں کوئی واضح یا مستند شواہد سامنے آئے ہیں؟ تو اس کا جواب جو میرے سامنے آیا نفی میں تھا،اس معاملے سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس میں سے 100 فیصد درست بھی نہیں ہوتیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اڈیالہ جیل والے صاحب کے دور میں پاکستان تنہائی کا شکار تھا، اب وہ معاملہ ختم ہو چکا ہے، خارجہ پالیسی کے خلاف باتیں کرنے والے ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، انہوں نے اپنی ذات کی خاطر ملک کو ہمیشہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی، عوام نے نفرت اور تقسیم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، ضمنی الیکشن نے 8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات کو ختم کر دیا ہے ، کسی کو پاکستان کے دوست ممالک یا پاکستان کے سپہ سالار کے خلاف بات نہیں کرنے دی جائے گی،ملک ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے،ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب اس ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے ۔