ضمنی الیکشن کے نتائج، PTI کیلئے پریشان کن صورتحال

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد (شاکرحسین بریسلی)ضمنی انتخابات کے نتائج سے دلچسپ اعدادوشمار سامنے آگئے، پی ٹی آئی کیلئے پریشان کن صورتحال، پنجاب کےنتائج نے ن لیگ کااعتماد بڑھادیا۔ تحریک انصاف کاووٹر مایوسی کاشکار نظر آیا اور پارٹی 8فروری جیسی کارکردگی نہ دکھاسکے۔ جبکہ تحریک انصاف کے ووٹر کے باہر نہ نکلنے کافائدہ ن لیگ کوبڑی لیڈکی صورت میں ہوا۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 2 اورصوبائی اسمبلی کی 12 نشستوں پر الیکشن ہوا، جن میں سے قومی اسمبلی کی دونوں اور صوبائی اسمبلی 9 نشستوں پر کامیاب ہوگئی۔جن میں سے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست عام انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے جیتی تھی۔ قومی اسمبلی کےحلقے این اے 119 لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی چھوڑی ہوئی نشست پر الیکشن ہوا،جہاں ن لیگ دوبارہ کامیاب ہوگئی۔غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے علی پرویز ملک کو60 ہزار918 ووٹ ملے۔جبکہ سنی اتحادکونسل کےشہزاد فاروق کو34 ہزار 94 ووٹ ملے۔جبکہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر نظر ڈالیں تو اس حلقے میں ن لیگ اور تحریک انصاف دونوں کا ووٹ بینک کم ہوا ہے مگر ن لیگ کی فتح کا مارجن بڑھ گیا ہے۔ کیونکہ 8 فروری کو مریم نواز نے 83 ہزار855 ووٹ حاصل کیے تھےجبکہ شہزاد فاروق نے 68 ہزار376 ووٹ حاصل کیے تھےاور یوں مریم نواز نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سے15 ہزار479 ووٹس زیادہ لیے تھے۔اورکل ہونے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو 26ہزار824 ووٹوں کے فرق سے کامیابی ملی ہے۔ اسی طرح قصور سے قومی اسمبلی کےحلقے این 132 سے شہبازشریف کامیاب ہوئے تھے لیکن انہوں نے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھی تھی اسلیے کل اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہوااور ایک دفعہ پھر ن لیگ کامیاب ہوگئی۔ ن لیگ کے ملک رشیداحمد خان 1 لاکھ 37 ہزار768 ووٹ لیکرکامیاب ہوئے۔ جبکہ سنی اتحادکونسل کےسردارمحمدحسین ڈوگر 86 ہزار ووٹ لیکردوسرےنمبرپررہے۔ اس حلقے سے ن لیگ نےاپنا ووٹ بینک برقرار رکھا۔