PTIمیں بشریٰ بی بی کی خوشنودی کیلئے دوڑ لگی ہے،عطاءتارڑ

24 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اگر بشریٰ بی بی نے دیکھ لیا تھا کہ ٹوائلٹ کلینر ملایا گیا تو آپ نے کھانا کیوں کھایا؟، پی ٹی آئی میں بشریٰ بی بی کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ عمران خان نعرہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ لاتے ہیں مگر ڈیل بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ چاہتے ہیں، ابھی تک حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان سب اچھا چل رہا ہے، حکومت معاشی کارکردگی نہیں دکھاسکی تو اسٹیبلشمنٹ اس کا بوجھ نہیں اٹھاسکے گی،سینئر صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے کہا کہ حکومت کی سطح پر سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی سوچ پائی جاتی ہے، عمران خان سیاسی لوگوں سے بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، عمران خان صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، مستقبل قریب میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ عمران خان کی ڈیل ہوتی نظر نہیں آرہی۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ای سی جی بھی کلیئر ہے ڈاکٹرز نے مسکولر پین بتایا ہے، بلڈ رپورٹس میں زہر کے آثار واضح آجاتے ہیں، یہ شوکت خانم میں اپنی مرضی کی ٹیسٹ رپورٹس بنوالیتے تھے، بشریٰ بی بی کی بیماری پر سیاست کی جارہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے بے بنیاد جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،، بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بشریٰ بی بی کو گیسٹرو کی معمولی شکایت ہے وہ کسی کو بھی ہوسکتی ہے، یہ سب سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور سازشی تھیوری سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کا تاثر غلط ہے، بانی پی ٹی آئی سے کوئی بات کیوں کرے گا اور کس حوالے سے کرے گا، سینئر صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ عمران خان کی ڈیل ہوتی نظر نہیں آرہی، سینئر صحافی و تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ عمران خان کو ڈیل کی کوئی پیشکش نہیں کی جارہی ہے، عمران خان کو جب بھی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل آفر ہوگی تب ہی وہ باہر آئیں گے، موجودہ ہائبرڈ نظام میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی باری میں لگی ہیں، سینئر صحافی حسنات ملک نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے حکومت کی جب بھی عدلیہ کے ساتھ لڑائی ہوئی ہمیشہ حکومت کا سیٹ بیک ہوا۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں عمران خان کے حوالے سے جن دو معاملات پر بیانیے اور رائے کا اظہار سامنے آرہا تھا اب ان دونوں معاملات پر خود عمران خان کا پارٹی رہنماؤں کے موقف سے ہٹ کر اپنا موقف سامنے آگیا ہے جس سے تحریک انصاف میں کنفیوژن مزید بڑھ گئی ہے۔