پاکستان کی معیشت اور مستقبل کے چیلنجز ‘ تھنک ٹینک سیشن کا اہتمام

24 اپریل ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی )ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میں گزشتہ روزپاکستان کی معیشت اور مستقبل کے چیلنجز کے حوالے سے تھنک ٹینک سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے استقبالیہ کلمات میں تھنک ٹینک کے اغراض مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ تھنک ٹینک کا مقصد معاشی چیلنجز کا نہ صرف جائزہ لینا بلکہ مسائل کا حل بھی پیش کرنا ہے۔ اس موقع پرچیئرمین تھینک ٹینک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے، پالیسی اصلاحات اور پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات اور پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا، ڈائریکٹر جنرل NIPSڈاکٹر اشفاق حسن خان نے اقتصادیات پر تھنک ٹینک قائم کرنے پر راولپنڈی چیمبر کے اقدام کو سراہا ۔ ڈاکٹر اشفاق حسن نے موجودہ معاشی چیلنجز، تاریخی اعداد و شمار کے تجزیے اور معاشی رکاوٹوں سے نکلنے کے راستے کے بارے میں بھی تفصیلی پریزنٹیشن دی۔وائس چیئرمین راجہ عامر اقبال نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ اور قرض کی ادائیگیوں پر تاریخی پس منظر اور ڈیٹا کاتقابلی جائزہ پیش کیا۔