بہارہ کہو اہم کاروباری مرکز، متعدد مسائل کا سامنا ہے‘ احسن بختاوری

24 اپریل ، 2024

اسلام آباد(کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ بہارہ کہو وفاقی دارالحکومت کا ایک اہم کاروباری مرکز ہے لیکن متعلقہ محکموں کی بے حسی کی وجہ سے اسے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔وزیر اعظم مسائل کے حل کیلئے مداخلت کریں اور تمام متعلقہ اداروں کو شکایات کے بروقت ازالے کیلئے ہدایات جاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں چیمبر ہائوس میں چیئر مین ایسو سی ایشن جہانگیر خان، صدر عبید الرحمان عباسی، اور سیکرٹری جنرل شیخ لیاقت کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو اور استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری سے ملاقات کی اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر، کارپیٹنگ، سٹریٹ لائٹس، تجاوزات کے خاتمے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارکنگ کی تعمیر جیسے مسائل ان کے سامنے رکھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین فانڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے موجودہ صدر تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، اسد عزیز اور شہزاد عباسی نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر اپنے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں تاجروں کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ پہلی بار کرائے کے معاملات کو آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ماتحت کام کرنے والی ثالثی کونسل کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کیا جا رہا ہے۔