سید علی گیلانی نے ساری زندگی بھارت کے عقوبت خانوںمیں گزاری

28 نومبر ، 2021

لاہور (نیوزرپورٹر)قائمقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی کی شہادت سے عالم اسلام عظیم مرد مجاہد سے محروم ہو گئی،سب سے بڑے پاکستانی تھے،ہندوستان کی سنگینوں کے سائے میں ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے،نعرہ کے خالق کی ساری زندگی ہندوستان کے عقوبت خانوں میں گزری، لیکن کبھی بھی لغزش نہ آئی۔ کشمیری میدان کارِزار میں سالہاسال سے کھڑے ہیں، ان کی ہمتیں جوان اور حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند تر ہیں۔۔ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیر کاز سے بے وفائی کرنے والوں کا احتساب کریں گے۔آزادکشمیر حکومت کو ریاست کی نمائندہ حکومت تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے، سید علی گیلانی کی سوانح حیات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام سید علی شاہ گیلانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تعزیتی ریفرنس سے امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان،سابق چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاء،سابق چیف جسٹس سید منظور گیلانی،مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،امیر ضلع لطیف عباسی،صدر جے آئی یوتھ آزادکشمیر خالد زیدی،عبدالصمد،بشیر اعوان سمیت دیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیا قت بلوچ نے کہاکہ سید علی گیلانی گزشتہ اور اس صدی کے عظیم مجاہد آزادی اور سب سے بڑے پاکستانی تھے۔ دنیا بھر میں حریت پسندوں کے لیے امید اور حوصلے کا محور ومرکز تھے۔ پاکستان سب سے وفا دار مرد مجاہد سے محروم ہو گیا۔ ان کی شہادت کے بعد لاکھوں شمع آزادی کے پروانے موجود ہیں جس خواب کو سید علی شاہ گیلانی نے دیکھا، تو کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، جس خواب کو سینے سے لگائے وہ اللہ کے حضور پیش ہو گئے۔