برطانیہ میں طوفان ‘آروین’ سے تباہی اسکاٹ لینڈ کے 80 ہزار گھر بجلی سے محروم

28 نومبر ، 2021

لندن (جنگ نیوز )برطانوی ریاستوں میں شدید برفباری نے نظام زندگی منجمد کردیا، آروین طوفان کے باعث دو شہریوں کی موت بھی ہوئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرم سرما کا آغاز ہوتے ہی برطانوی ریاستوں میں شدید برفباری اور طوفان نے تباہی مچا دی۔ طوفان آروین کے باعث برطانیہ کے 80 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کی زندگیاں مشکلات کا شکار ہوگئیں۔ طوفان کی تباہ کاریوں میں درختوں کا گرنا بھی شامل ہے، شمالی آئرلینڈ اور لنکاسٹر سٹی میں گاڑیوں پر درخت گرنے کے دو مختلف واقعات میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔ برطانوی محکمہ موسمیات نے شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ظاہر کیا تھا اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، برطانیہ میں 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلی جس نے درختوں کو زمین سے اکھاڑ پھینکا۔ادھر محکمہ موسمیات نے آندھی کیلئے وارننگ جاری کر رکھی ہے، برطانوی پولیس نے طوفان کے پیش نظر سڑکیں بند کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔