ایران:پانی کی ِ قلت کے خلاف احتجاج،67افراد گرفتار

28 نومبر ، 2021

تہران(اے ایف پی)ایران کے وسطی شہراصفہان میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران میں سکیورٹی فورسز نے67 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے خصوصی یونٹوں کے سربراہ حسن کرامی نےبدامنی میں ملوث67 ’’اہم ایجنٹوں اور محرکین‘‘کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی اصفہان میں ان مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں جو حکومت کےآبی انتظام اور پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔کچھ ویڈیوزمیں بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دریائے زیندھرود کے خشک حصے میں مظاہرین پرلاٹھیوں سے حملہ کیا اورانھیں منتشر کرنے کے لیے اشک آورگیس کے گولے چلائے ہیں۔کرامی نے اصفہان میں ’’انقلاب مخالف عناصر‘‘کوتشددکا مورد الزام ٹھہرایا ہے۔واضح رہے کہ ایرانی حکام اسلامی جمہوریہ کے مخالف گروپوں کے لیے’’انقلاب مخالف‘‘کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔اوسلو میں قائم انسانی حقوق کے گروپ ایران ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اصفہان میں مظاہروں میں شرکت پر120 سے زیادہ افراد کو گرفتارکیا ہے۔