حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے اضافہ کررہی ہے، ن لیگ

28 نومبر ، 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ارکان قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک علی پرویز ملک ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان سمیت دیگر نے کہا ہے کہ حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کررہی ہے، گیس بجلی پٹرول اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ فیصلہ واپس لیا جائے۔عوام پہلے ہی آٹا، چینی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں روز اضافے سے عوام پریشان ہیں۔ حکومت آٹا اور چینی مافیاز کے خلاف بھی کوئی قرار واقعی کارروائی نہ کر سکی اور نہ ان کی قیمتیں کم کرا سکی۔ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔گذشتہ روز پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئےنہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ حکومت کی عوام دشمن پالیسوں کا تسلسل اور اس کی ناکامی،بد انتظامی اور نا اہلی کا ثبوت ہے۔حکومت اپنی نااہلی کی سزا عوام کو دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں،حکومت اپنے خلاف احتجاج کو دعوت دے رہی ہے۔ بےروزگاری بدامنی مہنگائی میں ڈوبے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا عمران خان مان لیں کہ جب مہنگائی بے روزگاری بدعنوانی بڑھے تو سمجھ لیں حکمران چور ہے عمران خان تاریخ کا واحد وزیراعظم ہےجو اپنی حکومتی کارکردگی کا ایک بھی عوامی فلاحی منصوبہ سامنے لانے میں ناکام ہے۔