کووڈ19کی نئی درجہ بندی بہت زیادہ پریشان ہیں،پی ایم اے

28 نومبر ، 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈبلیو ایچ او کی طرف سے کووِڈ-19 کی نئی قسم کی درجہ بندی پر بہت زیادہ فکر مند ہے، یعنی Omicron جو کہ تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے۔ یہ سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں پایا گیا تھا اور اب مسافروں کے ذریعے دنیا کے دیگر حصوں تک پہنچ رہا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کرونا کی اس قسم میں طبی طور پر ہلکی علامات پائی گئیں ہیں جن میں سونگھنے اور ذائقے کا کوئی نقصان نہیں ہوتا ہے۔پی ایم اے نے ایک بار پھر حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ تیار اور چوکس رہے اور کرونا کی اس قسم کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرے۔ ہم تجویز کرتے ہیں کہ جنوبی افریقہ اور اس خطے کے دیگر ممالک سے ہوائی سفر پر عارضی پابندی عائد کی جائے۔ ہم حکومت کو پرزور مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ایئر پورٹس اور ملک کے دیگر داخلی مقامات پر سہولیات کو بہتر بنائے تاکہ مسافروں کی اسکینگ کی جا سکے اور ایئر پورٹس پر اینٹی جن کوویڈ 19 ٹیسٹ دوبارہ شروع کیا جائے خاص طور پر ان مسافروں کا جو زیادہ خطرے والے ممالک سے خاص طور پر جنوبی افریقہ سے آتے ہیں۔ اگر کسی میں کوویڈ 19 کی علامات پائی جاتی ہیں تو اسے نگرانی کیلئے داخلی مقامات پر قرنطینہ میں رکھا جائے ۔ ہمیں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے بہت محتاط رہنا چاہیے تاکہ ملک میں کرونا کی صورتحال خراب نہ ہو پائے ۔پی ایم اے لوگوں سے ویکسین لگوانے کی درخواست کرتی ہے۔