چٹاگانگ ٹیسٹ، پاکستان نے پہلی اننگز میں 145 رنز بنا لئے

28 نومبر ، 2021

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان نے عابد علی اور عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ بدولت بنگلہ دیش کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لئے۔ عابد علی 93 اور ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ لٹن داس نے 114 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ مشفق الرحیم 91 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ حسن علی نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ خراب روشنی کے باعث دوسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 253 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو مشفق الرحیم 82 اور لٹن داس 113 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ لٹن داس گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ مشفق الرحیم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 91 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا نشانہ بن گئے۔ اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 114.4 اوورز میں 330 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ حسن علی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لئے۔ عابد علی اور کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی، عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کو بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 185 رنز درکار ہیں۔