تونسہ میں کینسر و جنرل ہسپتال کی تعمیر شروع‘پانچ کروڑ روپے لاگت آئیگی

28 نومبر ، 2021

ملتان ‘ڈیرہ غازیخان‘سخی سرور (سٹاف رپورٹر‘نمائندہ جنگ‘نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں مزید تین سیمنٹ فیکٹریاں بنیں گی، تونسہ میں کینسر و جنرل ہسپتال کی تعمیر شروع کر دی گئی۔ سیکرٹری لیبر پنجاب لیاقت علی چٹھہ اور وزیر اعلیٰ کے بھائی سردار جعفر خان بزدار نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا انڈس ہائی وے کے نزدیک موضع مکول کلاں میں پندرہ کنال رقبہ پر سوشل سکیورٹی کی زیرنگرانی ہسپتال کی تکمیل کیلئے 30مئی 2022کی تاریخ دی گئی ہے۔ منصوبے پر تقریبا پانچ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلی کے بھائی سردار جعفر خان بزدار نے کہاکہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے سردار عثمان احمد خان بزدار کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا. کینسر و جنرل ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہے ہسپتال سے 72ہزار ورکرز براہ راست جبکہ تونسہ کوہ سلیمان کے علاوہ ڈیرہ غازیخان، مظفرگڑھ، لیہ،بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے مریض مستفید ہوں گے۔ منصوبہ کو چھ ماہ کی قلیل مدت میں نہ صرف مکمل بلکہ فنکشنل کرایا جائے گا۔ سیکرٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ نے کہاکہ منصوبہ میں مٹیریل کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جار ہی ہے. پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور روزگارکیلئے اقدامات کر رہی ہے. محکمہ لیبر کے پاس مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے 124 ارب روپے کے فنڈز موجود ہیں صنعتی اداروں کو پابند کیاگیا ہے کہ وہ ورکرز کے سوشل سکیورٹی کارڈ بنا کر ان فنڈز سے استفادہ کرائیں. انہوں نے بتایا کہ خواتین ورکرز کو آمدورفت کیلئے سالانہ 100 سکوٹیاں دینے پر بھی کام کیا جارہاہے. ورکرز کے بچوں کی سکول کالجز میں تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ سیکرٹری لیبر نے کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صنعتی اداروں سے بے روزگار ہونے والے وکرز کو روزگار ملنے تک بیروزگاری الاونس دیا جائے گا۔