دیرپا امن کے قیام کیلئے قبائلی عمائدین کا تعاون ناگزیر ہےIGFC

28 نومبر ، 2021

جنوبی وزیرستان (نامہ نگار )آئی جی ایف سی ساؤتھ کے پی میجرجنرل محمد منیر اختر نے کہا کہ کہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستا ن میں امن کے قیام کیلئے پاک فوج نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں،دیر پا امن کے قیام کے لئے قبائلی عمائدین کا تعاون بہت ضروری ہے ۔ان خیالا کااظہار انھوں نے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی اقوام کے مشترکہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ کے پی بریگڈئیر نیک نام بیگ بھی موجود تھے۔ جبکہ محسود قبائل کے عمائدین میں ملک مسعود احمد عبدلائی ،ملک راپا خان محسود ،اقبال محسود شابی خیل ،ملک رفیق کئی خیل ،ملک عرفان الدین برکی ،ملک حاجی محمد عبدالائی،ملک سیف الرحمن محسود ،ملک جانان نظر خیل ،ملک فضل الرحمن محسود ،ملک حبیب شابی خیل اور دیگر درجنوں عمائدین بی موجود تھے ۔ میجرجنرل محمد منیر اختر کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد محسود اور برکی اقوام کے عمائدین کے ساتھ یہ پہلا تعرفی جرگہ تھا ۔جو سیکٹرکمانڈر سیکرٹریٹ ساؤتھ کے پی ٹانک میں منعقد ہوا۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل محمدمنیر اختر نے کہا کہ وہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں چار مرتبہ شاول ، برمل ،کانی گرم سمیت مختلف علاقوں میں رہ چکے ہیں۔اور جنوبی وزیرستان کے چپے چپے سے واقف ہیں ۔انھوں نے آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ دینے میں تاخیر پر کہا کہ تباہ شدہ مکانات کے معاوضہ کی رقم قبائلیوں کو 2018ء میں ختم کرنا چائئے تھی ۔معاوضہ کے رقم ملنے میں بہت زیادہ تاخیر سے کام لیا گیا ہے۔اس حوالے سے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایت جاری کی جائے گی ۔